22 اپریل 2013
وقت اشاعت: 20:19
اے ایف سی انڈر 14 راؤنڈ میں کامیابی حاصل کرلیں گے،احمد یار
جیو نیوز - کراچی…شکیل یامین کانگا… محمد حسن بلوچ کی کوچنگ میں پاکستان انڈر 14 فٹ بال ٹیم ایران کے شہر مشہد میں ہونے والے اے ایف سی انڈر 14 کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کیلئے لاہور سے ایران روانہ پہنچ گئی۔ پاکستانی ٹیم 26 اپریل کو اپنی مہم کا آغاز کرغیزستان کے خلاف میچ کھیل کر کرے گی۔ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ایران، بھارت، پاکستان، کرغیزستان اور مالدیپ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے جنگ کو بتایا کہ ٹورنامنٹ کیلئے ٹیم کی تیاری مکمل ہے، ہیڈ کوچ حسن بلوچ نے اپنی ٹیم کی بھرپور تیاری کرائی ہے اس سے قبل بھی انہوں نے انڈر 14 اور انڈر 16 ٹیموں کی انٹرنیشنل ایونٹس میں کامیابی میں اہم کردار اداکیا تھا۔ اس بار بھی توقع ہے کہ ہماری ٹیم اے ایف سی انڈر 14 کامپی ٹیشن کوالیفائنگ راؤنڈ میں کامیابی حاصل کرلے گی۔ اس سے پہلے انڈر 14 فیسٹول آف فٹ بال ہوتا تھا لیکن اس بار اے ایف سی نے اسے ختم کرکے کامپی ٹیشن کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی باقاعدہ پوزیشن بھی جاری کی جائے گی۔ میزبان ایران اور تاجکستان کی ٹیمیں اچھی ہیں لیکن ہماری تیاری بھی مکمل ہے امید ہے ہمارے کھلاڑی اس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت ڈیفنڈر عزیر کریں گے جبکہ گول کیپر مدثر یونس نائب کپتان ہوں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں محمد اسد گول کیپر، عدیل علی، عطا اللہ، سیف علی، زبیر عمر، یاسر ڈیفنڈر، شاہ زیب، ایم ثاقب جاوید، ایم ریاض، ثقلین طارق، محمد اخلاص، ایم شاہد، شعیل احمد، جمیل احمد، سلمان خان، حبیب اللہ، شہریار لاسی اور مجید خان فارورڈز جبکہ ہیڈ کوچ محمد حسن بلوچ، اصغر خان انجم اسسٹنٹ کوچ، اسسٹنٹ منیجر، شیخ زاہد نیاز اسسٹنٹ کوچ اور کامران مہدی فزیو شامل ہیں۔دریں اثناء خیبر مسلم نے اسٹار کو اور کوہاٹ اسپورٹس نے ناصر اسپورٹس کورنگی کو شکست دیکر آل سندھ انور خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ میچ کے مہمان خصوصی حضرت علی بونیری تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس سلسلے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہرممکن اپنا کرادار ادا کریں گے۔