25 اپریل 2013
وقت اشاعت: 20:48
ایشین اسنوکرچیمپئن شپ:سولہ ٹیمیں حصہ لیں گی
جیو نیوز - کراچی …شکیل یامین کانگا …بھارتی کھلاڑیوں کا ایشین اسنوکر میں شرکت کا ففٹی ففٹی امکان ہے، انہیں اپنی حکومت کی جانب سے این او سی بھی مل گیا ہے، ویزے کا مسئلہ باقی ہے، ہانگ کانگا، تھائی لینڈ، سنگاپور، چین اور منگولیا کی ٹیمیں جمعرات کو جبکہ باقی ٹیمیں جمعے کو پہنچ جائیں گی۔ ایشین اسنوکرچیمپن شپ 27 اپریل سے کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگی جس میں پاکستان سمیت 16 ممالک سے پلیئرز حصہ لیں گے، بھارتی ٹیم ویزا جاری ہوتے ہی پاکستان پہنچ جائے گی۔ ٹورنامنٹ کا انعامی رقم 13,500 یوایس ڈالر رکھی گئی ہے، فاتح کھلاڑی کو 7 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی۔ اس بات کا اظہار پاکستان اسنوکر فیڈریشن کے صدرعالمگیر شیخ نے پریس بریفنگ میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں دفاعی چیمپئن تھائی لینڈ، افغانستان، چین، ہانگ کانگ، منگولیا، فلپائن، قطر، سنگاپور، جنوبی کوریا، سری لنکا، شام اور پاکستان شامل ہیں۔ عالمگیر شیخ نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی حفاظتی اور دیگر انتظامات مکمل ہیں۔مشیر کھیل اولمپئن اصلاح الدین کا کہنا تھاکہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے محفوظ ملک ہے، اس ٹورنامنٹ سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تاثر قائم ہوگا، سندھ حکومت ٹورنامنٹ کے حوالے سے ہر ممکن کردار نبھائے گی۔ جیو سپر کے بزنس ہیڈ محمد علی نے کہا پاکستان میں نیشنل اورمقامی ایونٹس تو ہوتے تھے لیکن کافی عرصے بعد ایک بڑا انٹرنشنل ایونٹ ہونے جارہا ہے، اس پر منتظمین مبارک باد کے مستحق ہیں۔ محمد آصف نے ورلڈ ٹائٹل حاصل کرکے دنیا کو یہ بتا دیا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کا دنیا کے کسی بھی بڑے ایونٹ میں فتح حاصل کرسکتے ہیں، ایشین چیمپئن شپ میں بھی ہمارے کھلاڑی عمدہ کارکردگی دکھائیں گے۔دریں اثناء کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں غیرملکی کھلاڑیوں کی حفاظت کے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، ایئرپورٹ سے کھلاڑیوں کو پولیس اور رینجز کی نگرانی میں ہوٹل تک پہنچایا جارہا ہے، اس کے علاوہ بھی پاکستان بلیئر اینڈ اسنوکر ایسو سی ایشن کو جس تعاون کی ضرورت ہوگی اسے فراہم کیا جائے گا۔ پاکستان میں ایک بڑا ایونٹ ہونے جارہا ہے جس سے ایک سافٹ امیج قائم ہوگا۔ اسنوکر فیڈریشن سمیت وزارت کھیل، سندھ حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کی خواہش ہوگی کہ ایونٹ بہتر اور پرامن ماحول میں منعقد ہو۔ ہماری پوریشن کوشش ہوگی کہ چیمپئن شپ کے دوران کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ شائقین کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔