29 اپریل 2013
وقت اشاعت: 19:45
محمد آصف اور دیگرایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں داخل
جیو نیوز - کراچی…شکیل یامین کانگا … عالمی چیمپئن محمد آصف، محمد سجاد، حمزہ اکبر اور ابوظائم ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئے۔ سہیل شہزاد اور عبدالستار ایونٹ سے باہر جبکہ شاہد آفتاب اور بابر مسیح کے ناک آؤٹ میں پہنچنے کا فیصلہ منگل کو کھیلے جانے والے لیگ راؤنڈ کے بقیہ میچز کے رزلٹس پر ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے تیسرے دن منگل کو ایونٹ کے دوران دو سنچری بریک کھیلے گئے۔ ایونٹ کا سب سے بڑا 134 کا بریک محمد سجاد نے چینی کھلاڑی زاؤ ژن ٹونگ کے خلاف کھیلا جبکہ سنگاپور کے کھلاڑی اینگ بون چن نے پاکستان کے بابر مسیح کے خلاف 129 کا سنچری بریک کھیلا۔ گروپ اے سے پاکستان کے محمد آصف اور ہانگ کانگ کے لی چن وائی، گروپ بی سے افغانستان کے صالح محمد اور ایران کے عامر سرکوش، گروپ سی سے شام کے کرم فاطمہ اور پاکستان کے حمزہ اکبر (گروپ نمبر ون)، گروپ ڈی سے شام کے کھلاڑی سمیت 9 کھلاڑی ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالفیائی کرچکے ہیں جبکہ بقیہ سات کا فیصلہ منگل کو صبح کھیلے جانے والے لیگ کے میچز سے ہوگا۔ پیر کو کھیلے گئے مقابلوں میں پاکستان کے محمد سجاد نے چینی کھلاڑی زاؤ ژن ٹونگ کے خلاف 4-2 کی فتح حاصل کی اس دوران سجاد نے 134 کا بریک کھیلا جو اب تک ہونے والے مقابلوں میں سب سے بڑا بریک ہے جبکہ سنگاپور کے کھلاڑی اینگ بون چن نے پاکستان کے بابر مسیح کے خلاف 4-0 کی یکطرفہ فتح حاصل کی اس دوران اینگ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 129 کا سنچری بریک کھیلا۔ دیگر مقابلوں میں پاکستان کے عبدالستار نے سری لنکا کے سوسانتھا بھوتیج کو 4-0 سے، پاکستان کے بابر مسیح نے جنوبی کوریا کے ہوانگ چل ہو کو 4-0 سے، منگولیا کے الزیٹوگ نے جنوبی کوریا کے ہینگ سینگ ہی کو 4-2 سے، ہانگ کانگ کے لی چن وائی نے تھائی لینڈ کے بونی یارٹ کو 4-2 سے، پاکستان کے محمد آصف نے ایران کیعامر سرکوش کو 4-1 سے، تھائی لینڈ کے یوٹاپوٹ نے ایران کے احسان کو 4-3 سے، چین کے وینگ یوچن نے شام کے کرم فاطمہ کو 4-3 سے، یو اے ای کے محمد الجوکر نے سیر لنکا کے سوسانتھا کو 4-0 سے، تھائی لینڈ کے بونی یارٹ نے پاکستان کے شاہد آفتاب کو 4-0 سے، یو اے ای کے محمد مصطفی نے قطر کے احمد سیف کو 4-2 سے، عراق کے علی جلیل علی نے جنوبی کویرا کے ہان سانگ ہی کو 4-1 اور افغانستان کے محمدرئیس نے سنگاپور کے لم چن کیٹ کو 4-2 سے زیر کیا۔