2 مئی 2013
وقت اشاعت: 20:19
جلد ہیپاکستان بھر میں باکسنگ سرگرمیاں شروع کررہے ہیں،اقبال حسین
جیو نیوز - کراچی…شکیل یامین کانگا… پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اقبال حسین نے کہا ہے کہ جلد ہی ملک کے ہر حصے میں باکسنگ کی سرگرمیاں شروع کررہے ہیں، ملک اور خصوصا انٹرنیشنل ایونٹس میں حصہ لینے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی ہے۔ اس کا باقاعدہ اعلان لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا جائے گا۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے اقبال حسین کا کہنا تھاکہ 20 دسمبر کو صاف اور شفاف انتخابات کرانے کے باوجود انہیں تسلیم نہیں کیا جارہا اور ہمیں کام کرنے سے روکا جارہا ہے۔ پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن اور باکسنگ کی عالمی تنظیم آئبا نے بھی ہمارے انتخابات کو تسلیم کرتے ہوئے ہمیں آئندہ چار سال کیلئے کام کرنے کا مینڈیٹ دیدیا ہے لیکن اس کے باوجود سابق سیکرٹری مختلف من گھڑت اور بے بنیاد خبریں چھپوا کر پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا امیج خراب کررہے ہیں۔ کبھی ٹیم کو اے ایس بی سی یوتھ باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے فلپائن بھیجنے اور کبھی کنگز باکسنگ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے بنکاک بھیجنے کے دعوے کرتے ہیں، کسی بھی انٹرنیشنل ایونٹ میں بھیجنے کے ان کے پاس اختیارات ہی نہیں ہے لیکن اس کے باوجود کھلاڑیوں اور ملک میں باکسنگ کے لوورز کو چکمہ دینے کیلئے وہ اس طرح کے بیانات شائع کراکے ملک میں باکسنگ کی تنزلی کا سبب بن رہے ہیں۔ دودا خان بھٹو کی صدارت میں باکسنگ فیڈریشن نے پہلے بھی کھیل کی ترقی کیلئے کام کیا ہے اور انشاء اب بھی پوری اسپرٹ کے ساتھ کھیل کی ترقی کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے اور کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کیلئے بھیجا جائے گا۔ اس سلسلے میں پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے زیراہتمام جمعے کو لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس ہوگی جس میں قومی اور انٹرنیشنل سرگرمیوں کا باقاعدہ شیڈول اناؤنس کیا جائے گا۔علاوہ ازیں اے کے یو انٹر یونیورسٹی فٹبال ٹورنامنٹ 2013 میں سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، بحریہ یونیورسٹی سمیت آٹھ ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔