5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
این آئی سی ایل کسی، چار ملزمان کے اکاوٴنٹس اوراثاثے منجمد
جنگ نیوز -
اسلام آباد...این آئی سی ایل کیس میں ایف آئی اے نے چاروں مفرورملزمان کے اکاؤنٹس اوراثاثے منجمد کرتے ہوئے عدالت سے باقاعدہ کارروائی کی درخواست کی ہے جب کہ مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دینے اور وارنٹ گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا گیاہے۔ ایف آئی اے تحقیقاتی ٹیم کے حکام نے جیونیوز کے نمائندے آصف علی بھٹی کو بتایا ہے کہ مطلوب ملزم محسن وڑائچ کی پاکستان حوالگی کے لیے برطانیہ کو انٹرپول کے ذریعے15 سوالوں پر مشتمل سوالنامے کا جواب بھجوادیا گیا ہے ۔ حکام کا کہناہے کہ چاروں مفرور ملزمان امین قاسم دادا،جاویدسید،محسن وڑائچ اور رانا محمد علی کے اکاؤنٹس اور اثاثے منجمد کرکے عدالت سے ضابطے کی کارروائی کی درخواست کردی گئی ہے۔ایف آئی اے حکام نے واضح کیاکہ کیس میں مونس الہیٰ کو اشتہاری قرار دینے اور ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور اگر وہ کل پیش نہ ہوئے تو انٹرپول کو عدالت کے ذریعے ریڈ وارنٹ کے لیے لکھ دیاجائے گا۔ ایف آئی اے حکام نے بتایاکہ چاروں ملزمان کے منجمد کیے گئے اکاؤنٹس اور منقولہ وغیرمنقولہ جائیداد کی مالیت تقریباً90 کروڑ سے زائد بنتی ہے جس میں امین قاسم دادا کی5 سے6 کروڑ مالیت کی پراپرٹی ،محسن وڑائچ کی60 سے70 کروڑ ،جاوید علی سید کی12 سے14 کروڑ جبکہ رانا محمد علی کی2 کروڑمالیت کی پراپرٹی شامل ہے۔