5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بالائی علاقوں میں برفباری جاری، لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں گزشتہ روز بھی بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔سوات کے بالائی علاقے مالم جبہ میں برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیاحوں کی بڑی تعداد وادی سوات پہنچ رہی ہے۔ یہاں پہلے سے موجود سیاح خوبصورت موسم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دیوانہ وار رقص کرنے پر مجبور نظر آتے ہیں۔ اسکردو شہر سمیت ضلع کے نشیبی اور بالائی علاقوں میں شدید برفباری ہوئی۔گلگت شہر میں بیس سال بعد گزشتہ روز ہونے والی برفباری سے شہری خوب لطف اندوزہوئے۔مانسہرہ کے بالائی علاقوں میں گزشتہ روز بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ایبٹ آباد میں بارش اور گلیات کے مختلف علاقوں میں بھی برف باری سے سیاحوں نے خوب مزے کیئے۔ملکہ کوہسار مری میں بھی گزشتہ روز سے برفباری کا نیا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے۔مظفرآباد میں بھی کل موسلادھار بارش جبکہ وادی نیلم سمیت بالائی علاقوں میں شدید برفباری ہوئی۔پاراچنار میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ کوہ سفید نے ایک بارپھر برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ لوئر دیر اور باجوڑ ایجنسی کے پہاڑوں پر بھی برف باری ہوئی۔ سردی کی شدت کے باعث کئی علاقوں میں لکڑی کی قیمتوں میں اضافے سے لوگ پریشان ہیں۔ بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث سڑکیں بند ہوگئیں اور لوگ گھروں میں محصور ہیں۔