5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ڈیوس کے معاملے سے باہمی تعلقات متاثر نہیں ہونگے، امریکی سفارتخانہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس معاملے پر پاکستان سے اعلیٰ سطح کے رابطے جاری ہیں،باہمی راوبط ختم کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ۔ جیو نیوز سے بات چیت میں اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی ترجمان مس کوٹنی نے کہاہے کہ امریکی سفارتخانہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے کے حل اور پھر دیگر ایجنڈا آئٹمز پر آگے بڑھنے کیلئے حکومت پاکستان سے اعلیٰ سطحی رابطے میں ہے۔ایک سوال کے جواب میں کہ کیا ریمنڈ ڈیوس معاملہ پاک امریکا تعلقات پر اثر انداز ہو سکتا ہے، ترجمان نے کہا کہ وہ شکوک و شبہات پیدا کرنے والے سوالوں کا جواب نہیں دے سکتیں۔ امریکی اہلکاروں کے دورہ پاکستان کی منسوخی سے متعلق ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ وہ اس پر تبصرہ نہیں کرسکتیں کیونکہ امر یکی سفارت خانے نے اس کا اعلان نہیں کیا۔ ترجمان نے ریمنڈ ڈیوس سے برآمد ہونیوالے اسلحہ اور دیگر سامان پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔