5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
اوباما نے سگریٹ نوشی چھوڑ دی، مشیل اوباما کا دعویٰ
جنگ نیوز -
واشنگٹن…دنیا میں تبدیلی لانے کے لیے پہلے خود میں تبدیلی لانا ضروری ہے۔امریکی صدر براک اوباما نے بھی یہ راز جان لیا ہے۔اسی لیے تو صدر اوباما بھی سگریٹ نوشی ترک کرکے اپنی شخصیت میں ایک اچھی تبدیلی لائے ہیں۔صدر براک اوباما کی سگریٹ نوشی چھوڑنے کی تصدیق خاتونِ اول نے خود کی ہے۔ مشیل اوباما نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا کہ ان کے شوہر نے وہ کام کرلیا ہے جو ہزاروں بلکہ لاکھوں امریکی نہیں کرپاتے۔ امریکی صدر نے ایک سال میں اپنا مقصد حاصل کرلیا۔مشعل اوباما کا کہنا ہے کہ انہیں پتہ بھی نہیں چلا کہ اوباما نے سگریٹ نوشی کب ترک کی۔کیوں کہ وہ بہت زیادہ سگریٹ نوشی نہیں کرتے تھے۔خاتون اول کا کہنا تھا کہ سگریٹ چھوڑنے کو صدر اوباما نے ایک ذاتی چیلنج کے طور پر لیا۔اور اس پر قابو بھی پالیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہر شفیق والد کی طرح صدر اوباما نے کبھی بھی اپنے بچوں یا فیملی کے سامنے سگریٹ نوشی نہیں کی۔