16 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 10:58
ڈریم گرل ہیما مالنی 63 برس کی ہو گئیں
جنگ نیوز - کئی برسوں سے بالی ووڈ کی ڈریم گرل کا خطاب رکھنے والی ماضی کی صف اول کی اداکارہ ہیما مالنی 63 سال کی ہو گئیں۔ وہ 16 اکتوبر 1948ء کو بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر تریچی اپالی میں پیدا ہوئیں۔ ایک تامل لینگر خاندان میں جنم لینے والی ہیما مالنی چکراورتی بالی ووڈ میں بطور اداکارہ، ہدایتکارہ، پروڈیوسر اور کلاسیکل ڈانسر منفرد پہچان رکھتی ہیں۔ 1968 ء میں فلم سپنوں کے سوداگر سے اپنے بالی ووڈ کیرئیر کا آغاز کرنے والی ہیما نے جانی میرا نام، انداز، سیتا اور گیتا، ڈریم گرل، چرس، شعلے، کرانتی، ستے پہ ستا سمیت لاتعداد کامیاب فلموں میں کام کرتے ہوئے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔ کئی سال فلمی دنیا سے غائب رہنے کے بعد ہیما مالنی کی پردے پر واپسی دوہزار تین میں فلم باغبان سے ہوئی جس میں انہوں نے امیتابھ بچن کے مد مقابل مرکزی کردار ادا کیا۔ بحیثیت سیاستدان بھارتی پارلیمنٹ میں راجیہ سبھا کی رکن رہنے والی ہیما مالنی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز سمیت بھارت کے چوتھے بڑے سویلین اعزاز پدما شری سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ 1975 ء میں فلم شعلے میں دھرمیندر کے مد مقابل کام کرتے ہوئے ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہونے والی یہ جوڑی 1980 ء میں شادی کے بندھن میں بندھ گئی تھی۔