17 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:56
کرینہ کپور کے دل کے ارمان آنسووں میں بہہ گئے
اے آر وائی - ممبئی : بالی ووڈبے بو کرینہ کپورکے ارمان آنسوئوں میں بہہ گئے۔۔ان کا مومی مجمسہ مادام تسائو کے بجائے لندن کے ایک چھوٹے ٹائون میں نصب ہوگا۔ بالی ووڈبے بو کرینہ کپورکے ستارے گردش میں ہیں۔ کہیں کترینہ سے آئٹم سونگ کی جنگ جاری ہے تو کہیں دپیکانے کیا بے حال۔ مگر پھر بھی کرینہ نے ہار نہ مانی اور ان سب سے آگے جانے کی ٹھانی۔ رابطہ کیا مادام تسائو کی انتظامیہ سے اور کی ان کی منت کی کسی بھی طرح انکا مومی مجسمہ بنائیں۔بے بونے مادام تسائو میں اپنا مومی مجسمہ بنوانے کے لئے جتنے جتن کئے اتنی محنت اگر ہالی ووڈ میں جانے کے لئے کرتیں تو شاید آج کہیں کی کہیں پہنچ چکی ہوتیں۔
آخر کار کرینہ کی محنت وصول ہوئی اور ان کا مومی مجسمہ بنا بھی تو چمیلی کی صورت میں۔ فلم چمیلی میں منفرد گیٹ اپ کی وجہ سے کرینہ کوخوب شہرت حاصل ہوئی ،مگرایک مشکل یہ آن پڑی کہ پندرہ اگست کو مجمسے کو مکمل ہونا تھا وہ تو نہ ہوا ساتھ ساتھ یہ بری خبر بھی سننے کو ملی کہ کرینہ کا مجسمہ مادام تسائو میوزیم کے بجائے لندن کے ایک چھوٹے سے ٹائون میں نصب کیا جا ئے گا۔ یہ خبر سن کر کرینہ کے ارمانوں پر پانی بہہ گیااور وہ سخت مادام تسائو میوزیم کی انتظامیہ سے کافی نالاں نظر آرہی ہیں۔