تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
8 نومبر 2011
وقت اشاعت: 9:1

مائیکل جیکسن کی موت کاذمہ دار ان کامسیحا

اے آر وائی - امریکی پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کی موت کا ذمہ دار ان کے ڈاکٹر کونریڈ مرے کو قرار دے دیا گیا۔فیصلے پر اہلخانہ اور پرستاروں نے اطیمنان کا اظہار کیا ہے۔ لاس اینجلس میں پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کے معالج کے خلاف قتل خطا کے مقدمے پر بارہ رکنی جیوری نے فیصلہ سنادیا۔ قتل خطاکا ذمہ دار ٹھہرائے جانے کے بعد ڈاکٹر مرے کے وکیل نے ضمانت کی درخواست بھی دائر کی جسے عدالت نے مستردکردیا، ڈاکٹر مرے کو کمرہ عدالت میں ہی ہتھکڑی لگا دی گئی، مقدمہ کا فیصلہ انتیس نومبر کو سنایا جائے گا، ڈاکٹر مرے کو چار سال تک قید اور میڈیکل لائسنس کی منسوخی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔



فیصلے کے وقت گلوکار کے اہل خانہ اور پرستاروں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر جمع تھی۔ مائیکل کی بہن کا کہنا تھا کہ انھیں بھائی کی موت کا انصاف مل گیا۔ جمعے کو اختتامی دلائل میں استغاثہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کونریڈ مرے نے مائیکل جیکسن کو نیند کیلئے ممنوعہ ادویات کے استعال کی اجازت دی، اور اس عمل کی نگرانی بھی نہ کی۔ دوسری جانب ڈاکٹر مرے کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ وہ جیکسن کی ہلاکت کے ذمے دار نہیں، مائیکل جیکسن نے پروپوفول نامی دوا خود اپنے جسم میں داخل کی۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پروپوفول انتہائی طاقتور سکون آور دوا ہے، جس کی زائد مقدار جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔



فروری میں عدالت نے مائیکل جیکسن کی موت کے سلسلے میں ان کے ڈاکٹر کونریڈ مرے پر قتل خطا کی فرد جرم عائد کی تھی۔مائیکل جیکسن پچیس جون دو ہزار نو کو انتقال کرگئے تھے،پاپ گلوکار اپنے آخری ایام کے دوران لندن میں میوزک کنسرٹس کی ریہرسل میں مصروف تھے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.