18 نومبر 2011
وقت اشاعت: 13:59
ایشوریہ رائے بچن بیٹی کی ماں بن گئیں
اے آر وائی - سابق ملکہ حسن اوربالی ووڈ فلموں کی کلاس ون اداکارہ ایشوریہ رائے بچن بیٹی کی ماں بن گئیں۔ بدھ کے روز امیتابھ بچن نے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ٹیوٹر پر پیغام دیا ہے کہ وہ دادا بن گئے۔ایشوریہ کے شوہر ابھیشیک بچن نے بھی ٹیوٹر پر باپ بننے سے متعلق پیغام دیا ہے۔
اندازہ لگایا جارہا ہے کہ یہ پیغام بچی کی پیدائش سے کچھ ہی دیر بعد لکھا گیا ہے کیوں کہ میڈیا میں کئی ماہ سے ایشوریہ کے ماں بننے سے متعلق متعدد خبریں گردش کررہی تھیں ۔
بچی کی پیدائش کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے گزشتہ ہفتے ایک ضابطہ اخلاق بھی جاری کیا تھا جس میں ٹی وی چینلز کو پابند کیا گیا تھا کہ وہ بچے کی پیدائش کو نارمل انداز میں لیں اور بڑھا چڑھا کر خبریں نہ بنائیں۔
ادھر ایشوریہ کے یہاں بیٹا ہوگا یا بیٹی اس حوالے سے بھی بہت زیادہ خبریں اور افواہیں گردش کررہی تھیں۔ بھارت سے موصولہ بعض اطلاعات میں یہاں تک کہا گیا تھا کہ بیٹے یا بیٹی کی پیدائش پر کروڑوں روپے کا سٹہ لگا ہوا تھا اور جوں جوں وقت گزر رہا تھا سٹے کی رقم میں اضافہ ہوتا جارہا تھا۔
بچے کی جنس کے ساتھ ساتھ تاریخ پیدائش کے حوالے سے بھی بڑے پیمانے پر سٹہ کھیلے جانے کی اطلاعات تھیں ۔ زیادہ تر افراد نے ایشوریہ کے یہاں گیارہ گیارہ گیارہ یعنی گیارہ نومبر دوہزار گیارہ کو بچے کی پیدائش پر سٹہ کھیلا ۔ گیارہ نومبر کے بعد سب سے زیادہ سٹہ 14نومبر کی تاریخ پر لگا تاہم آج یہ تمام تاریخیں غلط ثابت ہوئیں ۔