27 ستمبر 2014
وقت اشاعت: 6:56
سُروں کی ملکہ لتا منگیشکر نے زندگی کی 85بہاریں دیکھ لیں
جیو نیوز - ممبئی.........اپنی سریلی آواز کے باعث کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر 85 برس کی ہوگئیں۔سُروں کی ملکہ کا خطاب پانے والی لتا منگیشکر بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں 28 ستمبر 1929ءکو پیدا ہوئیں۔ بھارتی فلم صنعت میں دیدی (بہن) کے نام سے پہچانی جانے والی لتا منگیشکر نے 1942 ءمیں اپنے والد دینا ناتھ منگیشکر کے انتقال کے بعد گلوکاری کا باقاعدہ آغاز کیا۔ 1974ء سے 1991تک سب سے زیادہ گانوں کی ریکارڈنگ پر ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔ ان کے مقبول ترین گیتوں میں آئے گا آنے والا، او سجنا برکھا بہارآئی،آجا رے پردیسی، اتنا نہ تو مجھ سے پیاربڑھا، سماں ہے یہ پیار کا، نام گم جائے گا چہرہ یہ بدل جائے گا قابل ذکر ہیں۔ لتا کو نہ صرف پدم بھوشن، پدم وبھوشن ، داداصاحب پھالکے سمیت بے شمار ایوارڈز ملے بلکہ انہیں بھارت کے سب سے بڑے سویلین اعزاز بھارت رتن سے بھی نوازا جا چکا ہے ۔