تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
28 ستمبر 2014
وقت اشاعت: 11:16

سُروں کی ملکہ لتامنگیشکر کی 85ویں سالگرہ

جیو نیوز - ممبئی......دنیا ئے موسیقی کا اعجاز اور اعزاز لتامنگیشکرآج اپنی 85ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔سروں کی ملکہ کاطویل فنی سفر کامیابیوں اور کامرانیوں سے عبارت ہے۔ اس عظیم گائیکہ کا نام گینز ورلڈ ریکارڈ زمیں بھی شامل ہے۔لتامنگیشکر ایک ایسی مسحور کن آوازجس نے دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو اپنا گرویدہ بنا رکھاہے۔برصغیر کی اس گائیکہ نے سروں کا ایسا جادو جگایا کہ پچھلے58برس سےکوئی ان کے سامنے ٹھہرنے کا حوصلہ نہیں کر سکا۔1948ء میں فلم مجبور سےگلوکاری کاآغازکرنےوالی لتا آج بھی بھارتی فلم نگر کی حکمران ہیں ۔صدی کی اس عظیم گائیکہ نے28ستمبر1929ءکوبھارت کے شہر اندور میں موسیقار ماسٹردینا ناتھ کے گھرمیں جنم لیا،بعض لوگ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ لتامنگیشکر نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز بطور اداکارہ کیا تھا،اس وقت ان کی عمر صرف 13برس تھی۔ لتامنگیشکر نےاپنےوالدکےانتقال کے بعد4میراٹھی اور 4ہندی فلموں میں اداکاری کی۔ لیکن لتا توتھیں ایک پیدائشی گلوکارہ،تو پھر وہ کسی اورشعبےمیں کیسے ایڈجسٹ ہوسکتی تھیں، گلوکاری ان کی روح میں بسی تھی اس لئے وہ جلدہی سروں کی دنیا میں لوٹ آئیں ۔بھارتی فلم انڈسٹری میں پچھلے58برس کےدوران کوئی ایسی ہیروئن نہیں آئی ہوگی جس پر لتاکاکوئی گانا پکچرائیز نہ ہوا ہو۔سروں کی اس ملکہ کی آوازخوشبو کی طرح دنیا بھر میں پھیل چکی ہے۔لتامنگیشکر20سے زائد زبانوں میں 50ہزار سے زائد گانے ریکارڈ کراکراپنا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کراچکی ہیں۔ گیت ہو یا غزل ، کلاسیکی موسیقی ہو یا بھجن ، غرضیکہ موسیقی کی کوئی بھی صنف ایسی نہیں جس میں لتامنگیشکر نے اپنے فن کا مظاہرہ نہ کیاہو۔لتامنگیشکرآواز کی دنیا کاایک ایساروشن اورجگمگاتاستارہ،جس کی روشنی سےنئے گلوکار اپنی راہوں اورمنزل کا تعین کرتے رہیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.