24 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 12:3
سانحہ پشاور پر بالی ووڈ اسٹارز بھی اشکبار
جیو نیوز - ممبئی..... سانحہ پشاور پر دنیا بھر سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے، بالی ووڈ سے بھی تعزیتی اور مذمتی پیغامات آر ہے ہیں، تمام فنکاروں نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہےپشاور کے اسکول پر حملہ میں معصوم بچوں کی جانیں جانے پر ہر آنکھ اشکبار ہے ، ہر دل غم سے نڈھال ہے۔ زندگی بھر دوسروں کو انٹرٹین کرنے والے بھی افسرد ہ ہیں۔امیتابھ بچن نے کہا کہ میں برے ترین اعمال کے ساتھ سمجھوتہ کر سکتا ہوں، لیکن معصومیت کے قتل کے ساتھ نہیں۔ اداکارشاہ رخ خان نے کہا کہ نفرت ہے ان لوگوں سے،،جنھوں نے ہمارے بچوں ، ہمارے مستقبل کو ہم سے دور کردیا۔عامر خان نے کہا کہ پشاور واقعے کا سن کر بری طرح ٹوٹ گیا ہوں۔بھارتی اداکار انوپم کھیر نے دہشت گردوں کو کھلے خط میں لکھا کہ اس طرح کی دہشت گرد کارروائیوں سے وہ روز مرتے ہیں اور پشاور سانحے نے انہیں اندر سے بالکل ختم کردیا ہے ،تم لوگوں نے کس سر دمہری سےمعصوم بچوں کو ذبح کیا؟کس مذہب کے ساتھ تم بچوں کے قتل کا جوا ز دو گے؟تم نے بچوں کو اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کیا؟ جو مذہبی اختلافات کا مطلب تک نہیں جانتے تھے؟ کیا یہی بہادری ہے؟۔ پروڈیوسر اور اداکار فرحان اختر نے کہا کہ میرادل ٹوٹ گیا ہے ، یہ بہت ہی افسوسناک دن ہے ، دنیا اُن بچوں کو بچانے میں ناکام رہی ہے ، تمام لواحقین کے لیے ہمت ، حوصلے اور صبر کادعاگو ہوں ۔دیا مرزا نے کہا یہ ایک ہولناک صورتحال ہے،مذمت جیسے لفظ صرف الفاظ ہیں ، جنھیں بار بار دہرایا جاتا ہے ,ہمیں اس سے آگے بڑھنا ہوگا۔بپاشا باسو نے کہا کہ پشاور سانحہ انتہائی افسوسناک ہے ، سمجھ میں نہیں آتا کہ کیسے کوئی انسان دہشت گرد بن جاتا ہے اور کیسے دنیا کو ڈرانے کے لیے بچوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔پریانکا چوپڑا نے بچوں پر حملے کو بزدلانہ عمل قرار دیا۔ریتیش دیس مکھ نے واقعےکو انسانیت کی موت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں رہا،،اس کے لیے سب کو کھڑا ہونا ہوگا۔پرینیتی چوپڑا نے کہا کہ معصوم بچوں کی لاشیں کفن میں لپٹی ہوئی ہیں،،ان کے والدین آج کے بعد شاید ہی چین کی نیند نہیں سو پائیں۔سوناکشی سنہا،سونم کپور ، اور شاہد کپور سمیت کئی فنکاروں نے بھی پشاور سانحے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔