18 جنوری 2015
وقت اشاعت: 6:40
افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی 60 ویں برسی
جیو نیوز - کراچی ..........اردو کے عظیم افسانہ نگار منٹو کی 60 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ اپنے اردگرد پھیلی ہوئی سچائیوں کو افسانوں اور خاکوں کے قالب میں ڈھال کر امر ہو جانے والے سعادت حسن منٹو کو ہم سے جدا ہوئے آج 60برس ہوگئے۔ سعادت حسن منٹو 11مئی 1912 کو بھارت کے ضلع لدھیانہ میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم اپنے گھر میں حاصل کی۔ 1921 میں ایم اومڈل اسکول میں چوتھی جماعت میں داخلہ لیا۔ ان کا تعلیمی دورانیہ حوصلہ افزا نہیں تھا مگر پھر بھی منٹو نے اپنی تعلیم جاری رکھی۔ سوتیلے بہن بھائیوں کی موجودگی اور والد کی سختی کی وجہ سے منٹو کو اپنا آپ ظاہر کرنے میں مدت لگی۔ پاکستان بننے کے بعد منٹو ٹوبہ ٹیک سنگھ، کھول دو، ٹھنڈا گوشت، دھواں اور بو سمیت کئی بہترین افسانے تخلیق کیے جو اردو ادب کے آسمان پر ہمیشہ جگمگاتے رہیں گے۔ ان کے افسانوں پر مقدمے بھی چلے لیکن منٹو ان سے بری ہوگئے۔ وہ ادب برائے زندگی کے قائل تھے جن کی کہانیوں میں دکھی انسان چلتے پھرتے دکھائی دیتے ہیں۔ سعادت حسن منٹو کہتے تھے کہ افسانہ مجھے لکھتا ہے۔ اردو کے اس عظیم افسانہ نگار کا انتقال 42برس کی عمر میں 18جنوری 1955کو ہوا مگر وہ اپنی تحریروں کے حوالے سے دنیائے ادب میں سدا زندہ رہیں گے۔