5 فروری 2015
وقت اشاعت: 15:37
کراچی میں آئی میڈیا اور ایکسپی کیبل اکٹھے ہو کر ای ایم جی بن گئے
جیو نیوز - کراچی .......کراچی کے صارفین کو بہترین کیبل سروس مہیا کرنے کے لیے آئی میڈیا اور ایکسپی کیبل اکٹھے ہو گئے، جو اب ای ایم جی کے نام سے کام کریں گے۔ کراچی میں ہونے والی تقریب میں شہر کے دو بڑے کیبل آپریٹر نیٹ ورک، آئی میڈیا اور ایکسپی کیبل نے مشترکہ طور پر انٹرٹینمنٹ میڈیا گروپ ’’ای ایم جی‘‘ کے قیام کا اعلان کیا۔ معاہدے پر دستخط ایکسپی میڈیا کے عمران عابدی اور آئی میڈیا کے اخلاق احمد نے کیے۔ میڈیا کو بتایا گیا کہ ای ایم جی کل سے کراچی میں کیبل سروس مہیا کرے گا۔ ابھی اس سروس کے ذریعے شہر کے 75فیصد علاقے کو سہولت ملے گی اور پھر اس کا دائرہ پورے کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں پھیلایا جائے گا۔اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ دیگر کیبل آپریٹر بھی اس بڑے گروپ میں شامل ہوں گے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں عمران عابدی نے بتایا کہ ان کا مقصد شہریوں کو بلا تعطل، بہترین کیبل سروس کی فراہمی ہے۔ دونوں کیبل آپریٹروں کے اکٹھا ہونے سے میڈیا گروپوں کو بھی فائدہ ہو گا۔