26 فروری 2015
وقت اشاعت: 22:25
لاہور: گلی محلوں میں گانے والی ’’گڑوی والیوں‘‘ کے انگریزی گانے
جیو نیوز - لاہور.........گلی محلوں اور شادی بیاہ کی تقریبات میں گَڑوی کی دھن پر گیت گا کر روزی کما نے والی ان پڑھ لڑکیوں کے لبوں پر جب انگلش گانے گونجے تو سننے والے حیرت میں ڈوب گئے۔ شاہدرہ لاہور کی لڑکیوں کے انگریزی اور اردو زبان کے گیت مقبول کیا ہوئے، قسمت کی دیوی ان پر مہربان ہو گئی۔ انگریزی گیت، کوئی انگریز یا انگریزی زبان سیکھنے والا انگریزی گیت گنگنائے تو بات سمجھ میں آتی ہے لیکن اگر لاہور کے پسماندہ ترین علاقہ شاہدرہ ٹاون کی رہائشی ان پڑھ لڑکیاں پورے اعتماد کے ساتھ انگریزی گیت گائیں تو یہ اعتراف کرنا پڑے گا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔ گڑوی بجانے والی شہناز بی بی مقدس اور ثانیا کی والدہ کہتی ہے کہ اس کی بیٹیاں نہ کبھی اسکول گئیں نہ کبھی کسی استاد سے گائیکی سیکھی، سریلی آواز توخدا کی دین ہے، دو مرلے کے مکان میں رہنے والی غریب گھرانے کی یہ لڑکیاں کہتی ہیں کہ درد جب حد سے گزرتا ہے تو گا لیتے ہیں۔ ثانیہ اور مقدس پر امید ہیں کہ ایک دن ان کے خواب ضرور پورے ہوں گے۔ گروی محلے کی ان لڑکیوں نے اپنے گیتوں سے ہر طرف دھوم مچا دی ہے، کہتی ہیں کہ اگر مناسب سرپرستی ملے تو دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر سکتی ہیں۔