4 اپریل 2014
وقت اشاعت: 10:5
پورٹس اینڈ شپنگ کے وزیر مملکت کا دہری مراعات لینے کاانکشاف
جیو نیوز - کراچی…کفایت شعار ی کا نعرہ لگانے والی حکومت کے اپنے وزیر سرکاری خرچوں پر مزے اڑا رہے ہیں۔وفاقی وزیر جہاز رانی و بندرگاہ کامران مائیکل کو کے پی ٹی کے خرچ پر اضافی گاڑیاں اور ایندھن فراہم کیا جا رہا ہے۔ماہانہ 1400 لیٹر اضافی فیول،دو بڑی چمچماتی گاڑیاں ،حفاظت پر مامور 14 پورٹ سیکیورٹی اہلکار ،جی ہاں یہ سب ششکے ہیں وفاقی وزیر جہاز رانی و بندرگاہ کامران مائیکل کے جو، کے پی ٹی کے خرچے پر ادارے کے غیر مستقل چیئرمین نے فراہم کیے ہیں۔اس کے علاوہ وزیر جہاز رانی نے اپنے اسٹاف کے 10 ارکان کیلیے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ چیکس بھی جاری کروا دیے۔قائم مقام چیرمین اظہر حیات کا کہنا ہے کہ 1400 لٹرپیٹرول وزیر کیساتھ موجود گاڑیوں کیلیے ہے جبکہ پورٹ سیکورٹی کا عملہ وزیر کی سیکیورٹی پر واضح احکامات کے بعد نافذ کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کیلیے ایک گاڑی کراچی اور ایک اسلام آباد میں رکھی گئی ہے۔ اطہر حیات نے یقین دلایا کہ ایک ماہ اضافی تن خواہوں کے چیکس وفاقی وزیر کے اسٹاف سے واپس لے لیے جائیں گے۔