6 مئی 2014
وقت اشاعت: 12:2
سیلز ٹیکس کی شرح 5 فیصد کی جائے، تاجر برادری
جیو نیوز - کراچی…تاجر برادری نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ ٹیکس محصولات کو بڑھانے کیلئے آئندہ بجٹ میں سیلز ٹیکس کی شرح کو 17 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کیا جائے۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبر زآف کامرس کی جانب سے شیڈو بجٹ پیش کیا گیا۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر ذکریا عثمان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے حکام کے مطابق 17 فیصد سیلز ٹیکس کی مد میں حکومت کو محض 3.5 فیصد ٹیکس ملتا ہے ،کیونکہ بقیہ رقم ریفنڈ ،ایڈجسٹمنٹ اور کرپشن کی نظر ہوجاتی ہے۔ بجٹ میں ریفنڈ زکو ختم کرکے سیلز ٹیکس کو 17 سے 5 فیصد پر لایا جائے۔اس اقدام سے عوام کی قوت خرید میں 10 فیصد اضافہ ہونے کے ساتھ سیلز ٹیکس سے ایک ہزار ارب روپے کے بجائے 13 سو ارب روپے سے زائد حاصل ہونگے،اس عمل سے آئی ایم ایف کی شرائط کو بھی پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے مطابق 15 لاکھ ریٹیلرز سیٹیکس کی مد میں صرف ایک ارب روپے سالانہ ٹیکس دے رہے ہیں لیکن اگر آئندہ بجٹ میں ریٹیلرز سے اوسطًا تین ہزار روپے ماہانہ فکسڈ ٹیکس وصول کیا جائے ،تو ٹیکس محصولات میں واضح اضافہ کیا جاسکتا ہے۔