14 جون 2014
وقت اشاعت: 23:40
خیبر پختون خوا :4کھرب 4 ارب 80 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کردیا گیا
جیو نیوز - پشاور......خیبر پختون خوا کے آئندہ مالی سال کاچار کھرب چار ارب 80کروڑ روپے کا بجٹ پیش کردیا گیا ہے۔بجٹ میں تعلیم کے لئے مجموعی بجٹ کا 27 فیصدمختص کیا گیا ہے جبکہ کمرشل فلیٹس اور عمارتوں کی خریدوفروخت پر 2 فیصد کیپٹل ویلیو ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے۔ سینئر وزیر خیبر پختون خوا سراج الحق نے آئندہ مالی سال کے لئے چارکھرب چار ارب 80کروڑ روپے کا بجٹ اسمبلی میں پیش کیا۔ بجٹ میں تعلیم کے لئے 80 ارب 72کروڑ 93لاکھ، صحت کے لئے 25ارب 23کروڑ 71لاکھ، زراعت کے فروغ کےلئے 3ارب 14کروڑ 39لاکھ، پولیس کے لئے 28ارب 53 کروڑ 46 لاکھ جبکہ مواصلات وتعمیرات کے لئے 5ارب 26کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے 1251منصوبوں کے لئےا یک کھرب 39ارب روپے رکھے گئے ہیں جس میں 39 ارب 75 کروڑ 50 لاکھ روپے کی بیرونی امداد بھی شامل ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 10فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ کم ازکم پنشن پانچ ہزار روپے سے بڑھا کر 6 ہزار روپے کر دی گئی جبکہ مزدور کی کم سے کم تنخواہ 12ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ کمرشل فلیٹس اور عمارتوں کی خریدوفروخت پر 2فیصد کیپٹل ویلیو ٹیکس عائد کرنے کی تجویزہے۔ صوبے کے اپنے محاصل کا تحمینہ 28ارب 78کروڑ 7لاکھ 77ہزار روپےمقرر کیا گیا ہے جبکہ گیس اور تیل کی رائیلٹی کی مد میں 29ارب 26کروڑ 34جبکہ بجلی کی رائیلٹی کی مد میں 12ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔ سروسز پر جنرل سیلز ٹیکس سے 12ارب روپے کی آمدن حاصل ہوگی جبکہ صوبے کے دیگر محاصل سے 13ارب 93کروڑ 7لاکھ روپے آمدن متوقع ہے۔