25 اگست 2014
وقت اشاعت: 12:13
سیاسی میدان میں کھینچاتانی سے روپے کی قدر میں مسلسل کمی
جیو نیوز - کراچی .....سیاسی بحران کے باعث روپیہ مسلسل پسپائی کا شکار ہو رہا ہے ۔انٹر بینک میں امریکی کرنسی روپے کو روندتی ہوئی103 روپے تک پہنچ گئی ۔مرکزی بینک نے کمرشل بینکوں کے حکام کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ٹریڈنگ کے آغاز پر ہی ڈالر نے روپے کو بھاؤ دکھانا شروع کردیے۔ ملک میں جاری سیاسی خلفشار سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے باعث ایک طرف تو امپورٹرز کی جانب سے ڈالر کی مانگ میں اضافہ دیکھا جارہا ہے تو دوسری جانب ایکسپورٹرز بھی کمائے جانے والے ڈالر تڑوانے سے گریز کر رہے ہیں۔ٹریڈنگ کے دوران ڈالر کی قدر میں یکدم سوا 1 روپے کے قریب اضافے نے اسٹیٹ بینک کو بھی ہلا ڈالا ہے ۔بینکاری ذرائع کے مطابق بے لگام امریکی کرنسی کو کنٹرول کرنے کے لیے مرکزی بینک نے کمرشل بینکوں کے حکام کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ سیاسی عدم استحکام کی آڑ میں کہیں سٹے بازی کا عنصر شامل تو نہیں ہے ۔