24 ستمبر 2014
وقت اشاعت: 13:45
قیمتوںکو لگام دینے کیلئے بھارت سے ٹماٹر کی خریداری شروع
جیو نیوز - کراچی.......ٹماٹر کی قیمتوں کو لگام دینے کیلئے بھارت سے ٹماٹر خریدنے کے سودے شروع ہوگئے۔ ملک میں ٹماٹر کی قیمتوں کو استحکام دینے کے لیے اسے بھارت سے درآمد کیا جارہا ہے۔ 1200ٹن ٹماٹر لیے بحری جاز آئندہ ہفتے کراچی کی بندرگاہ پر پہنچنے کی توقع ہے۔ ریٹیل سطح پر ٹماٹر کی قیمتوں نے پھر سے رنگ دکھانا شروع کردیا ہے۔کراچی کے بازاروں میں ٹماٹر 100 روپے فی کلو تک پہنچ جانے کے بعد تاجروں نے اس کی خریداری بھارت سے شروع کردی ہے۔ امپورٹرز پڑوسی ملک سے 90روپے فی کلو کےحساب سے ٹماٹر درآمد کر رہے ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اس وقت صرف بلوچستان سے ملک بھر میں ٹماٹر کی سپلائی کی جارہی ہے اور بھارتی ٹماٹر مارکیٹ میں آنے کے بعد بڑھتی ہوئی قیمتوں میں استحکام دیکھا جاسکتا ہے۔