7 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:15
اوگرا ایل پی جی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہا، شاہد خاقان
جیو نیوز - اسلام آباد............وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اوگرا ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگیا ہے، 1200 روپے کا گھریلو سلنڈر ملک میں 1900 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ اسلام آباد میں او جی ڈی سی ایل کوتیل و گیس کی تلاش کیلئے لائسنس کے اجراء کی تقریب ہوئی۔ او جی ڈی سی ایل کولاچی بلاک سے تیل وگیس کی تلاش پر ابتدائی طور پر 3سال میں ایک کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت میں وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ 31مارچ تک ملک میں درآمدی ایل این جی آجائے گی، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پر اسی مہینے فیصلہ ہو جائے گا۔ وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں ایل پی جی کی قیمتوں کو ریگولیٹ کرنے کی سمری پر بات ہو گی۔ کوشش ہو گی کہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کے نرخ ہزار روپے ہوجائیں جو ابھی 1900 روپے ہے۔