تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
15 جنوری 2015
وقت اشاعت: 19:3

اسلام آباد ،روالپنڈی، لاہور میں پیٹرول کی قلت، شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا

جیو نیوز - اسلام آباد/لاہور .........اسلام آباد ،روالپنڈی اور لاہور میں پیٹرول کی قلت کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لاہور میں پٹرول کی شدید قلت عوام کے لئے عذاب بن گئی۔ 90فیصد پمپس بند ہوگئے،لوگ سڑکوں پر خوار ہوتے رہے جبکہ ارباب اختیار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ تیل کمپنیاں سپلائی نہیں دے رہیں۔ وہ پٹرول کہاں سے لائیں۔ کبھی یہاں تو کبھی وہاں۔ لاہور کے باسی آج کل خوار ہیں پٹرول کے چکر میں۔ شہر کے نوے فیصد پمپ بند پڑے ہیں، وجہ ہے پٹرول کی قلت۔ جو چند ایک پٹرول پمپ کھلے ہیں وہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی لائنیں لگی ہیں۔ چند لٹر پٹرول کے لئے لوگوں کو کئی کئی کلومیٹر کا سفر طے کرنا پڑ رہا ہے۔ پمپ مالکان کہتے ہیں کہ پٹرول ختم ہے، کمپنیوں کو آرڈر دے چکے ہیں، سپلائی ملتے ہی پمپ کھول دیں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت تیل کی قلت کا فوری نوٹس لے۔ اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسی صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔دوسری جانب اسلام آباد اور روالپنڈی میں بھی عوام کو پٹرول کے حصول میں سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔جڑواں شہروں میں پٹرول نایاب ہو کر رہ گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب اور اسلام آباد کے 5ہزار سے زائد پمپس میں سے 70 فیصد پر عوام کو پٹرول نہیں مل رہا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.