17 جنوری 2015
وقت اشاعت: 14:3
پنجاب میں پٹرول کی قلت دور کرنے کا متبادل بندوبست
جیو نیوز - لاہور......... وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کے رابطہ کرنےپر صوبے میں پٹرول کی قلت کے دوران سی این جی اسیٹشنز کھولنے کافیصلہ کرلیا ہے اور اس سلسلے میں لاہور میں سی این جی اسٹیشنز کھلنا شروع ہوگئے ہیں۔ پٹرول کی قلت کے پانچویں روز پنجاب حکومت جاگ اٹھی، عوامی پریشانیاں نظر آگئیں ، مصیبت زدہ پریشان حال لوگوں کاخیال آگیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی سے رابطہ کیا اور اس تجویز پر تبادلہ خیال کیا کہ جب تک پٹرول کی قلت دور ہو کیوں نہ سی این جی اسٹیشنز کھول دیئے جائیں، پنجاب اور پوٹھو ہار ریجن میں دسمبر سے فروری تک تین ماہ کے لیے سی این جی اسٹیشنز بند رکھے گئے تھے ، لیکن اب پٹرول کے عارضی بحران پرقابو پانے کے لیے وفاق نے فی الحال لاہور میں سی این جی اسٹیشنز کھولنے کافیصلہ کرلیا ہے۔ مجاز اتھارٹی سوئی ناردرن نے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔ سی این جی ایسوسی ایشن کے چیرمین غیاث پراچہ نے کہا ہےکہ انہیں سی این جی اسٹیشنز کھولنے کے احکامات مل گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق پنجاب میں مختلف مقامات پر سی این جی اسٹیشنز کھلنا بھی شروع ہوگئے ہیں۔