17 جنوری 2015
وقت اشاعت: 19:9
گیس بند، بجلی کم ، اب پیٹرول خریدنا بھی مشن امپاسیبل
جیو نیوز - لاہور.........گیس بند، بجلی کم اب پیٹرول خریدنا بھی مشن امپاسیبل ہوگیا۔ لاہور، فیصل آباد اور ملتان سمیت سمیت پنجاب میں پانچ روز سے پیٹرول غائب ہے، پمپس پر گاڑیوں کی قطاریں ہیں اور انتظار کی کوفت اٹھاتے شہری،اسلام آباد میں بھی جہاں پیٹرول ملا وہاں لمبی لمبی قطار اور گھنٹوں کا طویل انتظار لوگوں کا نصیب بن گیا۔چولہا جلانے کو گیس نہیں،گاڑی چلانے کو سی این جی نہیں،اب پٹرول کا حصول بھی مشکل نہیں بلکہ ناممکن بنادیا گیا،یوں سمجھیے کہ خلقت مشن امپاسیبل کو پاسیبل کرنے کے مشن پر نکل پڑی۔ پنجاب میں 5دن سے پٹرول نایاب ہوچکا،جہاں مل رہا ہے وہاں موٹر سائیکل کے لیے سو روپے اور گاڑی والے کے لیے پانچ سو روپے کی راشن بندی کردی گئی۔ سی این جی پہلے ہی چار مہینوں کے لیے بند ہے،ایندھن کی تلاش میں نکلے شہری پریشان ہونے کے ساتھ ہلکان ہوچکے۔ کہیں پر ایسا سناٹا، جیسے سب ہڑتال پر چلے گئے ہوں اور کہیں پر ایسا رش جیسے کسی نے لوٹ سیل کا اعلان کردیا ہو،لمبی قطاریں اور کچھوے کی رفتار سے رینگتی گاڑیاں، پھر بھی ضمانت نہیں گھنٹوں بعد نمبر آنے پر بھی پٹرول ملے گا یا نہیں،بندہ کام پر جائے یا پٹرول کی قطار میں انتظار کی کوفت اٹھائے،پٹرول شارٹیج نے کچھ کا ٹیمپر شارٹ کیا تو آپس میں ہی مکا لات چل گئی۔ دنیا میں پٹرول کی قیمتیں کم ہورہی ہیں، ہمارے یہاں سستا ہوکر کم پڑگیا،گاڑی چلانے کے لیے ایندھن نہیں،دل جلانے کے لیے خون جگر تو ہے، قطار میں لگ کر اسے جلایئے،پٹرول مل جائے تو شکر منایئے،نہ ملے تو صبر کرکے گھر کو لوٹ جایئے۔