19 جنوری 2015
وقت اشاعت: 15:57
لاہور: سوئی ناردرن کا دعویٰ غلط،تمام سی این جی اسٹیشنز نہ کھل سکے
جیو نیوز - لاہور........سوئی ناردرن گیس کمپنی کے دعوؤں کے برعکس لاہور شہر کے زیادہ تر سی این جی اسٹیشنز اب بھی بند ہیں جو چند ایک پمپ کھلے ہیں وہاں گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگی ہیں۔ سی این جی اسٹیشنز مالکان کہتے ہیں اگر انہوں نے دو دن کے لئے اسٹیشن کھولے تو انہیں نقصان ہو گا۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی اور حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ لاہور کے تمام سی این جی اسٹیشنز کھل گئے ہیں لیکن یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا۔ شہر کے صرف 28 سی این جی اسٹیشنز ہی کھل سکے، ان میں بھی زیادہ تعداد ان سٹیشنز کی ہے جو پہلے ہی لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی بسوں کو سی این جی فراہم کرنے کے لئے کھلے رہتے ہیں۔ سی این جی اسٹیشن مالکان کہتے ہیں کہ حکومت نے چار ماہ کے لئے اسٹیشنز بند کئے ہیں،اسٹاف فارغ کرنا پڑا، دو تین روز کے لئے اسٹیشنز کھولے تو لاکھوں روپے اضافی چارجز دینا پڑیں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آج کل پٹرول ڈلوانا ہو یا سی این جی، آدھا دن ضائع ہو جاتا ہے، انہیں دفاتر اور کام کاج سے چھٹی لینا پڑتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بحران پٹرول کا ہو یا بجلی و گیس کا، اس کے مستقل حل کے لئے متعقلہ اداروں کی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہو گا ورنہ حالات کی بہتر ی خواب ہی رہے گی۔