7 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 14:0
کوئٹہ:ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری، مریضوں کا کوئی پُرسان حال نہیں
اے آر وائی - کوئٹہ میں ڈاکٹروں کی ہڑتال بدستور اکیاون ویں روز بھی جاری ہے سرکاری ہسپتالوں کے او پی ڈیزاور آپریشن تھیٹرز بندہونے کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات برقرار ہیں۔ سولہ اکتوبر کو کوئٹہ کے علاقے سریاب سے ماہر امراض چشم ڈاکٹر سعید خان کے اغواء کے خلاف شروع کی جانے والی ہڑتال مغوی ڈاکٹر کی بازیابی کے باوجود بھی ختم نہیں کی گئی۔
سول ہسپتال اور بی ایم سی سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں کے او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بدستور اکیاون ویں روز بھی بندپڑے ہیں جس کی وجہ سے ان ہسپتالوں میں آنے والے ہزاروں مریضوں کی مشکلات برقرار ہیں۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے صوبائی حکومت سے مذاکرات انیس نومبر کی پوزیشن بحال کرنے اورڈاکٹروں کے خلاف درج مقدمات واپس لینے سے مشروط کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ صوبائی حکومت نے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کے داخلے پر پابندی لگاکر ہڑتال کو خود دوام دیا ہے