8 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 14:10
کراچی:چالیس ملزمان گرفتار،فائرنگ اور تشدد سے 7ہلاک
اے آر وائی - کراچی میں بدامنی پر قابو پانے کے لئے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ کالعدم تنظیم کے کارندے سمیت چالیس ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔ فائرنگ سے خاتون سمیت دو افرادجان سے گئے مختلف علاقوں سے پانچ لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔
شہر قائد میں امن و امان کی بہتری کے لئے ملزمان کے خلاف چھاپوں اورگرفتاریوں کاسلسلہ جاری ہے۔ اجمیر نگری میں پولیس نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے مطلوب ملزم عصمت اللہ عرف حاجی کو گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے دستی بم برآمد ہوا۔ نیو ٹاون عالمگیر روڈ پر کار لفٹر اور پولیس کے درمیان مقابلے میں ڈاکو ماراگیا۔
ایس آئی یو نے گلستان جوہر سے بینک ڈکیتی میں ملوث تین ملزم گرفتارکر لئے، ملزمان کے ایک ساتھی نے پولیس سے بچنے کے لئے رہائشی عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگادی جو موقع پر ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے مختلف کارروائیاں میں اشتہاری ملزمان سمیت پینتیس ملزمان گرفتار کر لئے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور موبائل فون برآمد ہوئے۔
دوسری طرف نیو کراچی بلال کالونی اور صدرمیں فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے پرانا گولیمار، گلستان جوہر، رامسوامی ، سائٹ اور ویسٹ وہارف سے پانچ لاشیں ملیں، جنھیں کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔جمعے کے روز گارڈن سے ملنے تین بوری بند لاشوں کی شناخت عبد الحق ، مجیب اور سہیل کے نام سے ہو گئی۔