1 اپریل 2011
وقت اشاعت: 13:3
کراچی میں دودھ کی قیمتوں کا تنازع حل نہ ہوسکا
اے آر وائی - کراچی : ڈی سی او کراچی کا کہنا ہے کہ ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے شہرمیں دودھ کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے لیا ہے تاہم ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن بضد ہے کہ دودھ اضافی قیمتوں پر ہی فروخت کیا جائے گا۔
شہری حکومت اور ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کے بعد قائم مقام ڈی سی او روشن علی شیخ نے مذاکرات کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دودھ پرانی قیمت پر ہی فروخت کیا جائے گا انکا کہنا تھا کہ دودھ سرکاری نرخ پر فروخت نہ کیا گیا تو غیر قانونی باڑوں کے ساتھ ساتھ ان کی بھینسیں بھی ضبط کرلی جائیں گی جبکہ چار اپریل کو ہونے والے اجلاس میں دودھ کی نئی قیمتوں کا تعین کیا جائے گا۔
دوسری جانب صدر ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی اختر کا کہنا ہے کہ شہری حکومت سے مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے دودھ اضافی قیمت پر ہی فروخت کیا جائے گا دودھ ہول سیل میں انسٹھ اور ریٹیل میں ارسٹھ روپے لیٹر فروخت ہو گا۔
جبکہ دہی کی قیمت اٹھاسی روپے ہوگی ڈیری فارمرز کی جانب سے اعلان کے بعد مختلف علاقوں میں دودھ کی اضافی قیمت پر فروخت شروع ہوگئی ہے۔