8 جون 2011
وقت اشاعت: 13:42
بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال، مریضوں کو مشکلات کاسامنا
اے آر وائی - کوئٹہ: بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث مریضوں کو سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز تنخواہوں میں اضافہ کے لیے گزشتہ دو ماہ سے ہڑتال پر ہیں۔ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث کوئٹہ کے چھوٹے بڑے سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند ہیں۔ صوبے کے دور دراز علاقوں سے علاج کی غرض سے کوئٹہ آنے والے مریضوں کو سخت پریشانی کاسامنا کرنا پڑ رہاہے۔
بلوچستان کی حکومت نے ینگ ڈاکٹر کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے ہڑتال کرنے والے ایک سو بتیس ڈاکٹروں کو برطرف کردیا ہے۔ دوسری جانب حکومت اور ڈاکٹروں کی اس جنگ میں قربانی کا بکرا غریب مریض بن رہے ہیں۔