8 جون 2011
وقت اشاعت: 23:49
خاتون کا بچی کی لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج
اے آر وائی - حیدرآباد : حیدرآباد میں گردوں کے عارضے میں مبتلا بچی علاج نہ ہونے کی وجہ سے دم توڑ گئی بچی کی ماں نے بیٹی کی موت کا ذمہ دار اپنے شوہر کی لاپرواہی کو قرار دیدیا اور بچی کی لاش سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کے دوران بچی کی والدہ نور جہاں نے میڈیا کو بتایا کہ اس کی بیٹی سہالا گزشتہ چار ماہ سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھی لیکن اس کے شوہر عبدالرحمن نے بچی کے علاج پر کوئی توجہ نہیں دی۔
وہ بچی کےعلاج کیلئے اپنے شوہر کی منت سماجت کرتی رہی لیکن اس کا شوہر عیاشیوں میں مصروف رہا جس کی وجہ سے بچی نے گزشتہ روز گھر میں دم توڑ دیا۔
خاتون کےمطابق اس کے پاس بچی کے علاج کیلئے پیسے نہیں تھے انہوں نے کہا کہ اس کے معاشی حالات اتنے خراب ہیں کہ بچی کی تدفین کیلئے بھی اس کے پاس پیسے نہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس کے شوہر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔