12 جون 2011
وقت اشاعت: 0:33
سندھ میں رینجرزکے مالیاتی اختیارات،انٹرنل سیکورٹی الاؤنس ختم
اے آر وائی - کراچی : وزیرخزانہ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں رینجرز کے مالیاتی اختیارات ختم کردئے گئے ہیں۔ رینجرز کا انٹرنل سیکورٹی الاؤنس بھی ختم کردیا گیا ہے۔ وزیرخزانہ نے بتایا کہ سندھ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بالکل ختم کردیا گیا ہے۔
کراچی میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ اب رینجرز کوفنڈز کی فراہمی صوبائی وزارت داخلہ کے ذریعے کی جائے گی۔ رینجرز کے بجٹ میں چونسٹھ فیصد کمی کردی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال رینجرز کو ایک ارب روپے دیئے گئے تھے جو آئندہ مالی سال میں کم کرکے چھتیس کروڑکردیئے گئے ہیں،
وفاقی حکومت رینجرز کو مختلف الاونس کی مد میں ساڑھے چھ کروڑ روپے فراہم کرتی ہے۔مراد علی شاہ کے مطابق زرعی ٹیکس میں سو فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔انہو ں نے کہا کہ آئندہ سال خدمات پر جنرل سیلز ٹیکس سندھ حکومت خود وصول کریگی۔ مراد علی شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ رواں سال سترہ ہزار نئی ملازمتیں دی جائیں گی۔