13 جون 2011
وقت اشاعت: 10:43
سندھ اسمبلی میں بجٹ پر بحث کا آغاز
اے آر وائی - کراچی: سندھ اسمبلی میں مالی سال دو ہزار گیارہ بارہ کے بجٹ پر بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔ اسپیکر نثار احمد کھوڑو کی صدارت اجلاس میں حکومتی ارکان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ہونے والے سیلاب کے نقصانات نئے مالی سال کے مجموعی بجٹ کے مساوی ہیں۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن رکن رزاق راہموں نے کہا کہ پہلی بار بجٹ میں قائمہ کمیٹیوں کو فعال کیا گیا ہے لیکن محکمہ تعلیم اور صحت میں کارکردگی بہت خراب ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال خراب ہے۔ وزیر داخلہ چھٹی ختم کر کے چارج سنبھالیں ۔
ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی عادل خان نے کہا کہ بجٹ میں کئی چیزیں واضح نہیں ہیں جبکہ ضلعی ترقیاتی پروگرام میں بھی خامیاں ہیں ۔ اس کے علاوہ کراچی میں لیاری سیٹلمنٹ، سرجانی اور گڈاپ ٹاون کے ترقیاتی منصوبوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔