14 جون 2011
وقت اشاعت: 15:47
فیصل آباد میں لاوارث لاشوں کی مبینہ تجارت،تحقیقات شروع
اے آر وائی - فیصل آباد : فیصل آباد میں پولیس اور پنجاب میڈیکل کالج کے عملے کی جانب سے لاوارث لاشوں کی مبینہ تجارت کے بارے میں اے آر وائی نیوز کی خبر پر آر پی او آفتاب چیمہ نے نوٹس لے لیا ہے اور تحقیقات شروع کرادی گئی ہے۔
تمام تھانوں کی انتظامیہ کو حکم جاری کیا گیا ہے کہ لاوارث لاشوں کا ریکارڈ مرتب کر کے پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال پہنچایا جائے۔انہوں نے پنجاب میڈیکل کالج کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ تدریسی مقاصد کے لئے استعمال کی جانے والی لاشوں کا تصویری ریکارڈ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پولیس اہلکار لاوارث لاشوں کے کاروبار میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔