17 جون 2011
وقت اشاعت: 11:37
جڑانوالہ: چند کنال زمین کی خاطر خاتون کو قتل کردیا گیا
اے آر وائی - جڑانوالہ: جڑانوالہ میں چند کنال زمین کی خاطر چچا زاد بھائیوں نے اپنی کزن کو تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ پولیس مقدمہ درج کرنے کے باوجود بھی ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکی ۔ چک نمبر چھ سو بیالیس کی رہائشی بیوہ خاتون رضیہ بی بی کو اس کے چچا زاد بھائیوں نے محض آٹھ کنال زمین ہتھیانے کی خاطر ہراساں کرنا شروع کردیا ۔
گذشتہ روز رضیہ بی بی اور اس کے بیٹی بشری کو ملزمان نے گھر سے باہر ڈنڈے اور پتھر مار مار کر لہولہان کردیا۔ جس کے نتیجے میں رضیہ بی بی جاں بحق جبکہ اس کی بیٹی بشریٰ کا چار ماہ کا حمل ضائع ہو گیا ۔ رضیہ کے گھر والوں کو کہنا ہے کہ ملزمان سرعام قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور پولیس خاموش ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے اور والدہ کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے ۔