18 جون 2011
وقت اشاعت: 9:15
کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری
اے آر وائی - کوئٹہ: کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری ہے سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند ہونے کی وجہ سے غریب مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ نجی اسپتالوں کی چاندی ہوگئی ہے ۔
تنخواہوں میں اضافے اور تحفظ کی فراہمی سمیت دیگر مطالبات کے حق میں گزشتہ دو ماہ سے جاری ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال نے غریب مریضوں کو بے بسی کا شکار کردیا ہے ۔ ڈاکٹروں کی ہڑتال سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے صوبائی حکومت بھی تاحال کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کرسکی۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی حمایت کے بعد ان کے مطالبات تسلیم ہونے کا وقت آن پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا تو احتجاج کو وسعت دی جائے گی۔