22 جون 2011
وقت اشاعت: 5:55
سکھر: نافرمان بیٹے کے خلاف بوڑھی ماں کی مدد کی اپیل
اے آر وائی - سکھر: سکھر کی ایک ضعیف خاتون نے فریاد کی ہے کہ اس کا نافرمان بیٹا تشدد کرکے اس کے گھر پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ بوڑھی ماں نے اے آر وائی سے مدد کی اپیل کردی۔
سکھر کے علاقے آدم شاہ کالونی کی رہائشی ضعیف خاتون بسم اللہ نے سکھر پریس کلب کے سامنے اپنے بیٹے اسحاق راہی کے خلاف احتجاج کیا۔ ضعیف خاتون نے اے آر وائی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس نے پندرہ سال قبل اسحاق کو دوسری شادی کرنے پر گھر سے بے دخل کیا تھا۔ گزشتہ روز اسحاق نے گھر میں گھس کر اس پر تشدد کیا اور گھر خالی کرنے کو کہا۔
ضعیف خاتون کا کہنا ہے کہ پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا ہے جبکہ اسحاق مسلسل دھمکیاں دے رہا ہے۔ متاثرہ خاتون نے اعلیٰ حکام سے تحفظ کی اپیل کی ہے۔