22 جون 2011
وقت اشاعت: 5:56
لاہور: ڈاکٹروں کی ہڑتال، ذمہ داروں کے تعین کیلیے کمیشن قائم
اے آر وائی - لاہور : پنجاب حکومت نے ڈاکٹروں کی ہڑتال کے ذمہ داروں کے تعین کے لیے جسٹس ریٹائرڈ سعید الرحمن فرخ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی ٰ کمیشن تشکیل دے دیا ہے جو ذمہ داروں کا تعین کر کے سزا تجویز کرے گا۔
پنجاب میں ڈاکٹروں کی ہڑتال اور اس کے باعث مریضوں کی ہلاکت کے خلاف منظور قادر نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ آج سماعت کے دوران درخواست گزار منظور قادر کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہڑتال کے دوران درجنوں مریض بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث جاں بحق ہوگئے ۔ اس کے علاوہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا لہذا ہڑتالی عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے معاملے کی تحقیقات کے لیے پہلے ہی اعلی سطحی کمیشن تشکیل دے دیا ہے۔ اس پر لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اعجاز احمد چوہدری نے درخواست نمٹاتے ہوئے کمیشن کو رپورٹ پندرہ دنوں میں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔