24 جون 2011
وقت اشاعت: 11:12
صدرمملکت سے ہندو شادی آرڈیننس جاری کرنے کی اپیل
اے آر وائی - اسلام آباد: شیڈول کاسٹ ہندو خواتین نے صدر مملکت سے اپیل کی ہے کہ ہندو شادی کا آرڈیننس جاری کیا جائے تاکہ ان کی شادیاں رجسٹر ہوسکیں۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کے دوران شیڈول کاسٹ خواتین کا کہنا تھا کہ ہندوشادیاں رجسٹر نہ ہونے کی وجہ سے انہیں پاسپورٹ اور شناختی کارڈ سمیت سفری دستاویزات کے حصول، ہوٹل میں رہائش سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شادی رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے ہندو لڑکیوں کو اغواء کرکے زبردستی مسلمان کرلیا جاتا ہے اور اس کیخلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کرسکتے۔ خواتین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو ہزاروں خطوط لکھے گئے لیکن مسئلہ حل نہ ہوسکا۔ اس ضمن میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے باوجود کوئی قانون سازی نہ ہوسکی ہے۔