27 جون 2011
وقت اشاعت: 18:50
لاہور میں تین افراد کے قتل کیخلاف لاشیں رکھ کر احتجاج
اے آر وائی - لاہور: لاہور کے علاقے نواں کوٹ میں دیرینہ دشمنی پر قتل ہونے والے تین افراد کے ورثا نے بابو صابو انٹر چینج پر لاشیں رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈبلاک کر دی۔
مظاہرے کے دوران موٹروے ملتان روڈ اور دیگر سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ اتوار کی رات مبینہ طور پر قماقصائی گروپ نے فائرنگ کر کے ملک اشرف، اس کے بیٹے اظہر اور ہمسائے محمد حسین کو قتل کر دیا۔
تین افراد کے قتل کیخلاف احتجاج کے دوران مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملزمان پہلے بھی ایک شخص کو قتل کرچکے ہیں، اس مقدمے میں انہیں گرفتار نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے مزید تین افراد قتل کردئے۔ بعد میں پولیس سے مذاکرات پر انہوں نے احتجاج ختم کردیا اور سڑک کھول دی۔