4 جولائی 2011
وقت اشاعت: 15:34
کالاباغ ،لوڈ شیڈنگ احتجاج، پولیس سےجھڑپوں میں 2افراد ہلاک
اے آر وائی - کالا باغ : کالاباغ میں تحریک حقوق میانوالی کی طرف سے دھرنے کے بعد ریلی کے دوران پولیس سے جھڑپوں میں دو افراد ہلاک اور سترہ زخمی ہوگئے۔ مظاہرین نے ڈی پی او کو یرغمال بنالیا۔
تحریک حقوق میانوالی نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی ایک ماہ کی ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد دھرنا دیا۔ مظاہرین نے دھرنے کے بعد چشمہ نیوکلیئرپاورپلانٹ جانے کی کوشش کی۔ سرگودھا موڑ پر پولیس نے انہیں روک دیا۔ اس دوران آنسوگیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کے بعد جھڑپیں شروع ہوگئیں۔
جھڑپوں میں ہلاکتوں کی خبر سن کر مظاہرین مزید مشتعل ہو گئے اور انہوں نے ڈی۔پی۔او میانوالی وقاص نذیر کو یرغمال بنا لیا۔ دو گھنٹے یرغمال رہنے کے بعد رینجرز نے ڈی۔پی۔او کو مظاہرین سے بازیاب کرا لیا۔مظاہرین کے پتھراو سے بچنے کے لیے ڈی۔سی۔او میانوالی طارق محمود نے ایک ہوٹل میں پناہ لے لی مگر مظاہرین نے ہوٹل کو آگ لگا دی اور پتھراؤ شروع کردیا جس سے ڈی۔سی۔او میانوالی زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ میانوالی میں چشمہ ایمٹی بجلی گھر سے تین سو پچیس میگاواٹ بجلی پیدا ہونے کے باوجود علاقہ اس سے محروم ہے اور سولہ سے اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔