6 جولائی 2011
وقت اشاعت: 5:25
کراچی مقتل بن گیا:21افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی : کراچی میں نشانہ وار قتل جاری،گلشن اقبال میں منی بس سے پانچ لاشیں برآمد۔ہلاکتوں کی تعداد 21 ہو گئی۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد،صورتحال پرغور کیلئے اہم اجلاس آج ہو رہا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے سولہ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ سی سی پی او کراچی سعود مرزا نے کہا ہے کہ اورنگی ٹاون کے حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے کمانڈو ز کی خدمات حاصل کرلی گئی ہے ۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں قصبہ کالونی موڑ پر دو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہدایت اللہ ، اعجاز ، جاوید اور گل نواب ہلاک ہو گئے ۔ فائرنگ کے زد میں آ کر نجی ٹی وی کے کیمرہ مین بھی زخمی ہو گئے ۔ قصبہ کالونی میں ایک بس کو بھی آگ لگا دی گئی ۔ قصبہ کالونی میں زخمی ہونے والا ایک شخص اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔
حسن اسکوائر کے قریب عیسیٰ نگری میں بھی دو طلبہ تنظیموں کے درمیان فائرنگ میں ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے جبکہ علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔دوسری جانب اے آروائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے سی سی پی او کراچی کا کہنا تھاکہ اورنگی ٹاون میں دو متحرک گروپوں کے درمیان فائرنگ ہورہی ہے جسے کنٹرول کیلئے پولیس کی اضافی نفری اور کمانڈ وزکی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ حالات کو معمول پر لانے اور عوام کے جانوں مال کے تحفظ کیلئے سرچ آپریشن کیا جائیگا اور فائرنگ میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے۔