6 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:44
تحریک حقوق میانوالی کے10رہنما جسمانی ریمانڈ پر
اے آر وائی - میانوالی : صوبائی حکومت کی یقین دہانی کے باوجود تحریک حقوق میانوالی کے دس قائدین کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ واقعہ کے خلاف آج بھی شہر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی، ریلی نکالی گئی اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔
چار جولائی کو لوڈشیڈنگ کے خلاف ہونے والے پرتشدد واقعہ میں چار مظاہرین جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ صوبائی وزیر عشر و زکوۃ ملک ندیم کامران نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران نامزد افراد کو گرفتار نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تاہم ضلعی انتظامیہ نے رات گئے قائدین کی گرفتاریاں شروع کردیں۔ حکومتی وعدہ خلافی پر انجمن تاجران اور ڈسٹرکٹ بار کونسل میانوالی نے مکمل ہڑتال کی اور چوک کوہاٹیاں سے احتجاجی ریلی نکالی۔
ریلی کی قیادت میں بازار میانوالی کے صدر ثناءاللہ خان گڈی خیل نے کی، ریلی مین بازار سے ہوتی ہوئی جب ریلوے اسٹیشن چوک پر پہنچی تو مظاہرین نے ٹائر جلا کر ریلوے روڈ بلاک کر دیا اور ضلعی انتظامیہ اور حکومت پنجاب کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ حراست میں لئے گئے افراد کو فوری رہا کیاجائے۔