6 جولائی 2011
وقت اشاعت: 17:58
سلیم شہزاد قتل کیس تحقیقاتی کمیشن،صحافی اور اینکر پرسنز طلب
اے آر وائی - لاہور: صحافی سلیم شہزاد قتل کیس کے تحقیقاتی کمیشن نے معاونت کے لیے ملک کے معروف صحافیوں اور اینکر پرسنز کو طلب کر لیا ہے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں کمیشن کے اجلاس میں مقتول صحافی کے موبائل فون اور ای میل کا ریکارڈ محفوظ رکھنے کے لیے وزارت داخلہ اور پی ٹی اے کو تحریری ہدایات جاری کی گئیں۔ کمیشن نے قتل کیس کے مدعی سلیم شہزاد کے بہنوئی اور تحقیقات میں معاونت کے لیے ملک کے سولہ معروف صحافیوں اور اینکر پرسنز کو بھی طلب کیا ہے۔
کمیشن کا آئندہ اجلاس اسلام آباد میں نو جولائی کو منعقد کیاجائے گا ۔کمشین کے کوآرڈینیٹر تیمور عثمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ تحقیقات کے لیے عوام الناس سے بھی معاونت مانگی گئی مگر نتائج خاطر خواہ نہیں نکلے۔