6 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:26
مسلم لیگ ق سندھ نے عدلیہ کیخلاف احتجاج کی دھمکی دیدی
اے آر وائی - کراچی: مسلم لیگ ق سندھ نے عدلیہ کے خلاف احتجاج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ مسلم لیگ ق کو مسلسل انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہی ہے۔
یہ بات کراچی پریس کلب میں مسلم لیگ ق سندھ کے جنرل سیکریٹری حلیم عادل شیخ ، امان اللہ پراچا، راحت جاوید اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماتحت عدالتوں میں کرپشن کی انتہا ہوگئی ہے۔ جس طرح دیگر اداروں کی ذمہ داری ان کے سربراہان پر ہوتی ہے، اسی طرح ماتحت عدالتوں میں کرپشن کی ذمہ داری چیف جسٹس پر عائد ہوتی ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مونس الہی کو شریف برادران کے کہنے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اب تک ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کو بحال کرانے والے عوام عدلیہ کے خلاف بھی اٹھ کھڑے ہوسکتے ہیں۔