7 جولائی 2011
وقت اشاعت: 9:35
کراچی:فائرنگ اورتشدد کے واقعات میں مزید بارہ افراد ہلاک
اے آر وائی - کراچی : کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے مختلف واقعات میں بارہ گھنٹوں کے درمیان دس جبکہ گذشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے درمیان اڑتیس افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ اورنگی ٹاؤن میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔ ذرائع کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں اور پہاڑی سے نیچے آبادی پر فائرنگ کی جارہی ہے۔ علاقہ مکین گذشتہ تین روز سے اپنے گھروں میں محصور ہیں۔ اس صورتحال کے باعث لوگوں نے اپنے گھروں سے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ علاقے میں دکان اور بازار بند ہونے کے باعث غذائی اجناس اور پانی کی شدید قلت ہے۔
علاقہ مکینوں نے شکایت کی ہے کہ رینجرز اور پولیس شاہراہوں پر تعینات ہے جبکہ فائرنگ کے واقعات گلیوں میں ہو رہے ہیں۔ اورنگی ٹاؤن میں آج صبح سے فائرنگ کے واقعات میں ایک خاتون سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ اورنگی ٹاٴؤن کے علاوہ گلستان جوہر، بلدیہ، موسمیات، نارتھ کراچی، گلشن اقبال اور سائٹ کے علاقوں میں بھی فائرنگ اور ہلاکتوں کے واقعات ہوئے ہیں۔