10 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:12
ملتان: جعلی پیرنے20روپےکےعیوض رکشہ ڈرائیور قتل کردیا
اے آر وائی - ملتان : جعلی پیر نے بیس روپے کے تنازعہ پر غریب رکشہ ڈرائیورنذیر احمد کو قتل کردیا۔ اہل علاقہ نےجعلی پیرکے خلاف شدید احتجاج کیاہے۔
نواحی علاقہ موضع شاہ موسیٰ میں اصغر نامی جعلی پیر نے بیس روپے کے تنازعہ پر چھ بچوں کے باپ غریب رکشہ ڈرائیور نذیر احمدکو اینٹوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔اس جعلی پیر نے چاہ قریشی والہ میں اپنا آستانہ بنایا ہو ا ہے جہاں پر وہ ایک ہاتھ مریض کے متاثرہ حصہ پر رکھ کر اور دوسرے ہاتھ سے اخبار اور مختلف سبزیوں کو چھری سے کاٹ کر دل کا بائی پاس، گردہ،جگر اور پتہ کا آپریشن کرتا ہے۔
پورے ملک کے مختلف علاقوں سے لوگ اس جعلی پیر کے پاس آپریشن کروانے کیلئے آتے ہیں۔ جب رکشہ ڈرائیور نذیر احمد اس جعلی پیر کے آستانہ پر اپنے رکشہ میں سواری لیکر آیا تو جعلی پیر نے مریض کے کرایہ کے بیس روپے دینے سے انکار کردیا جس پر تنازعہ بڑھ گیا اور جعلی پیر اور اسکے چیلے نذیر احمد کو مارتے ہوئے گھسیٹ کر آستانہ کے اندر لے گئے اور اسکے سر میں اینٹیں مار کر اس غریب کو جان سے مار دیا۔ وقوعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے وہاں پہنچ کر جعلی پیر کو اسکے تین ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔