12 جولائی 2011
وقت اشاعت: 17:22
کراچی: ایم کیوایم کے اسیروں کے اہل خانہ کا احتجاج
اے آر وائی - کراچی : سینٹرل جیل کراچی میں اسیر متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کی اندرون سندھ کے جیلوں میں منتقلی اور انہیں بند وارڈ کئے جانے کے خلاف اسیروں کے اہل خانہ اور ایم کیو ایم کے کارکنوں نے پریس کلب پر احتجاج کیا۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے اسیروں کو بند وارڈ کرکے تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے جو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے ساڑھے تین سال تک پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا اور اصولی بنیادوں پر ان سے الگ ہونے کے بعد ایم کیو ایم کے خلاف سازشوں کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔
کمشنری نظام کی بحالی سے لے کر جیلوں میں قید اسیر کارکنوں کے اندرون سندھ میں جیلوں میں منتقلی کے ساتھ ان کو تشدد کا نشانہ بنایا جانا اس کی تازہ مثال ہے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اصولی موقف کے ساتھ پارلیمنٹ کے اندر اور باہراپنا ہر آئینی اور قانونی حق استعمال کرینگے ۔